14

پاکستان کے 27 فیصد عوام پی ٹی آئی حکومت کی 100 روزہ کارکردگی سے مطمئن: سروے | پاکستان


پاکستان کے صرف 27 فیصد عوام سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی موجودہ وفاقی حکومت 100 دن کے پلان پر عمل درآمد میں کامیاب رہی جب کہ 23 فیصد افراد کی رائے ہے کہ وفاقی حکومت اپنے 100 روزہ پلان پر عمل درآمد میں مکمل ناکام رہی ۔

وفاقی حکومت کے 100 دن کی کارکردگی پر انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ کے ادارے تحت کیے گئے سروے میں عوام نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

یہ سروے چاروں صوبوں کے منتخب 2041 بالغ رہائشیوں کی رائے پر مبنی ہے۔

یہ سروے 29 نومبر سے یکم دسمبر کے دوران کمپیوٹر اسسٹنٹ ٹیلی فونک انٹرویوز کی مدد سے کیا گیا۔

وفاقی حکومت کی 100 دن کی کارکردگی سے متعلق 30 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ ابھی اس بارے میں کوئی تبصرہ کرنا انتہائی قبل از وقت ہے۔

سروے کے مطابق مجموعی طور پر پی ٹی آئی کی حکومت سے مطمئن افراد کی شرح 47 فیصد رہی جب کہ صوبائی سطح پر دیکھا جائے تو خیبر پختونخوا کے 51 فیصد افراد اور پنجاب حکومت کی کارکردگی سے 43 فیصد لوگ مطمئن نظر آئے۔

مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے وزیراعلیٰ سندھ سے سب سے زیادہ 16 فیصد عوام نے مطئن ہونے کی رائے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی سے 13 فیصد، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے 10 فیصد اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی کارکردگی سے محض دو فیصد عوام مطمئن نظر آئے۔

اکثریت نے پنجاب کے پچھلے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو موجودہ وزیراعلیٰ سے بہتر قرار دیا۔

پچھلی پنجاب حکومت سے مطمئن افراد کا تناسب 45 فیصد تھا جب کہ موجودہ پنجاب حکومت سے مطمئن افراد کا تناسب کم ہو کر31 فیصد ہو گیا ہے۔

پاکستان کی سطح پر بھی شہباز شریف سے مطمئن افراد کا تناسب 34 فیصد اور موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب سے 26 فیصد افراد مطمئن ہیں۔

اس سوال پر کہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت نے کون سے بہترین اقدامات کیے، 17 فیصد نےکرپشن کے خلاف کارروائی، 11 فیصد نے ڈیم کی تعمیر، 10 فیصد نے انسداد تجاوزات آپریشن، 6 فیصد نے پالیسی اصلاحات اور تین فیصد نے شیلٹر ہوم پروجیکٹ کو بہترین اقدام قرار دیا۔

موجودہ حکومت کو کون سے پانچ بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، 22 فیصد نے مہنگائی میں کنٹرول، 9 فیصد نے غربت کا خاتمہ، 9 فیصد بےروزگاری پر قابو پانے، 7 فیصد نے کرپشن پر قابو اور 5 فیصد نے آئی ایم ایف کے قرض سے نمٹنے کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں