20

وزیراعلیٰ کے خلاف اراکین اسمبلی نے کوئی گروپ نہیں بنایا، شوکت یوسفزئی


اختلافات کی خبریں حکومت کی صفوں میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش ہے، شوکت یوسفزئی۔ فوٹو : فائل

اختلافات کی خبریں حکومت کی صفوں میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش ہے، شوکت یوسفزئی۔ فوٹو : فائل

پشاور: ترجمان خیبرپختون خوا حکومت شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے وزیراعلیٰ محمود خان کے خلاف اراکین اسمبلی نے کوئی پریشر گروپ نہیں بنایا۔

رہنما تحریک انصاف اور ترجمان خیبرپختون خوا حکومت شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے نہ تو کسی کے خلاف کوئی چارج شیٹ بنائی ہے اور نہ ہی وزیراعظم کو ایسی کوئی چارج شیٹ پیش کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ معمول کی ملاقات میں وزیراعظم کو وزراء کی کارکردگی اور محکموں کی کارگزاری کے بارے میں مطلع کرتے ہیں، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان خود بھی صوبے کے تمام امور کے بارے میں وزیراعلیٰ سے رپورٹ لیتے ہیں۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمودخان معمول کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں، ان کے خلاف کوئی پریشر گروپ نہیں بنا، اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ محمود خان کے خلاف کسی قسم کا کوئی گروپ نہیں بنایا، اختلافات کی خبریں حکومت کی صفوں میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ یہ حکومت کو ناکام بنانے کی کوشش ہے، میڈیا ایسی خبروں کو اڑانے سے گریز کرے اور خبر دینے سے پہلے تصدیق کرلیا کرے، ایسی خبروں سے صوبہ سے متعلق منفی تاثر پیداہوتا ہے اور میڈیا ہاﺅسز کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔





Source link

اپنا تبصرہ بھیجیں